اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں مسافروں سے بھری بس دریائے پدما میں جاگری
جس کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد لاپتا ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب بس کو ایک فیری کے ذریعے دریا پار کرایا جا رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس فیری پر چڑھتے ہوئے اچانک بے قابو ہوگئی اور تقریباً 30 فٹ گہرے پانی میں جاگری۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جن کے دوران متعدد افراد کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کئی مسافر تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں اور ریسکیو ٹیموں کی مدد لی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خراب موسم بھی امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ علاقے میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم ٹیمیں مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ بس کا بے قابو ہونا بتائی جا رہی ہے، تاہم حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔