اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بنگلہ دیشی اداکارہ نصرت فاریہ کو امیگریشن پولیس نے ڈھاکہ ایئرپورٹ سے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
بنگلہ دیشی اداکار نصرت فاریہ شیخ مجیب الرحمان کی بایوپک "مجیب دی میکنگ آف اے نیشن” میں معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کا کردار ادا کرنے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں تھیں ۔
نصرت فاریہ کے خلاف دارالحکومت کے اواتارا پولیس اسٹیشن میں دائر مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے، جس میں ان پر جولائی کی بغاوت کے دوران قتل کی کوشش کا الزام لگایا گیا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس شفیق الاسلام نے تصدیق کی کہ نصرت فاریہ کو گرفتار کر کے تھانے لایا گیا ہے۔ نصرت کو بعد میں ڈھاکہ میٹروپولیٹن ڈیٹیکٹیو برانچ کے دفتر میں منتقل کر دیا گیا۔
نصرت فاریہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ریڈیو جاکی اور پریزنٹر کیا۔ 2015 میں انہوں نے فلموں میں اداکاری شروع کی۔
نصرت بنگلہ دیش اور بھارت میں کام کر چکی ہیں۔ اداکاری کے علاوہ وہ ماڈلنگ اور ہوسٹنگ میں بھی سرگرم ہیں۔
انہوں نے 2023 کی فلم مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن میں شیخ حسینہ کا کردار ادا کیا، جس کی ہدایت کاری آنجہانی ہدایت کار شیام بینیگل نے کی تھی جو بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان مشترکہ پروڈکشن ہے۔