113 اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایشیا کپ کے دوران روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں نسیم شاہ میچ کے 46ویں اوور میں دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ 10 اوورز کا کوٹہ پورا نہیں کر سکے تھے اور اسی لئے بیٹنگ کے لیے بھی نہیں آئے تھے۔
فاسٹ باؤلر کا دبئی میں مکمل چیک اپ کرایا گیا جس کی رپورٹ تسلی بخش نہیں آئی جس سے انجری کی سنگینی کا انکشاف ہوا ہے۔
ٹیم انتظامیہ نسیم شاہ کی انجری کے حوالے سے میڈیکل پینل سے بھی مشاورت کرے گی جس کے بعد دائیں ہاتھ کے پیسر کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ نہ صرف ورلڈ کپ بلکہ کم از کم 6 ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوسکتے ہیں، قومی ٹیم کو آئندہ ہفتے تک میگا ایونٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کرنا ہوگا۔
انجریز نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ نسیم شاہ کے آؤٹ ہونے کی صورت میں زمان خان اور محمد حسنین موزوں امیدوار ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کی بھارت روانگی 28 ستمبر کو ہوگی۔