215
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی نے گزشتہ انتخابات میں بے وفائی کرنے والوں کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ فیصلے سے متاثر ہونے والوں میں وہ سیاسی رہنما بھی شامل ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ریٹرننگ افسر کو جمع نہیں کروائے تھے۔
فردوس عاشق اعوان، قیوم جتوئی فیملی، شوکت بسرا، نوشیر لنگڑیال، کاشف نوید پنسوتہ، ڈاکٹر جاوید گنجال اور دیگر شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام رہنماؤں نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو دوبارہ پارٹی میں شمولیت کی سفارشات کی ہیں تاہم بلاول بھٹو نے انکار کر دیا ہے۔
چیئرمین کی ہدایت پر پارٹی چھوڑنے والوں کے نام امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیے جا رہے اور ان سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، نیئر بخاری، عبدالقادر شاہین، رخسانہ بنگش اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔