اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے لیے واضح پیغام ہے کہ انہیں معاف نہیں کیا جائے گا، 9 مئی میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا
سوات میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سوات آکر بہت خوشی ہوئی، پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں سوات کے لوگوں نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، شہید محترمہ دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی تھیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان فرار ہونے والے دہشت گردوں کو چیئرمین پی ٹی آئی نے واپس لایا۔ پیپلز پارٹی سوات کے امن کے لیے کبھی سودے بازی نہیں کرے گی۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں معاشی ترقی ہوگی۔ کسی دہشت گرد کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں، پیپلز پارٹی گالی نہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پچھلی حکومت میں گالیاں دینے والے وزیر بنتے تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ وفاق میں 4 سال حکومت مسلط کی گئی، ہمیں بھی سیاسی دہشت گردی روکنا ہوگی، سیاسی دہشت گردی کا سخت جواب نہ دیا تو معاملہ بڑھے گا۔ ہم پرزور مذمت کرتے ہیں
انہوں نے کہا ہے کہ بھٹو کی شہادت پر وہ چاہتے تو ضیاء الحق، راولپنڈی، کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کر سکتے تھے، شہید ایک محب وطن پاکستانی تھے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایک ہی نعرہ لگایا، جمہوریت بہترین انتقام ہے
وزیر خارجہ نے کہا کہ محترمہ کی شہادت پر ہم نے ’’جمہوریت ہمارا انتقام‘‘ کا نعرہ لگایا۔، 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو ملک کو نقصان ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں غریبوں کا ہمیشہ خیال رکھا گیا، شہید بھٹو کے دور میں غریبوں کو مالکانہ حقوق دیئے گئے، شہید بھٹو نے غریبوں کو روزگار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا منشور معاشی مسائل کا حل ہے، بے نظیر انکم سپورٹ انقلابی پروگرام سے غریب مستفید ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی غربت اور مہنگائی کے خلاف کسی سیاسی جماعت سے نہیں لڑ رہی، نوجوانوں کو موقع ملنے کا وقت آگیا ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے، مجھ سے پہلے سینئر وزرائے خارجہ تعینات ہوئے، چودہ ماہ میں وہ کر دکھایا جو سینئر وزیر خارجہ نہیں کر سکے، چودہ ماہ میں پوری دنیا دیکھی۔