بلاول بھٹو نے کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ کے بزرگوں، بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں، عہدیداروں اور تنظیم کا مشکور ہوں، پیپلز پارٹی کے یہ کنونشن اور جلسے بہت کامیاب رہے ہیں۔ دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی موجود ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا سے اپنے کنونشن شروع نہ کریں، خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں، دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، میں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی وہ قائد اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جدوجہد کے لیے تیار ہیں، دوسرے تیار ہوں یا نہ ہوں، پیپلز پارٹی کے اراکین الیکشن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ہاں آج کے تمام بحرانوں اور مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی سیاستدانوں سے نہیں غربت اور مہنگائی سے ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غربت کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ میرا مقصد عوام کے لیے الیکشن لڑنا ہے۔ نفرت، انتقام اور خود غرضی کی سیاست ختم کرکے خدمت کی سیاست کرنی چاہیے۔ .
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر کو اس نعرے سے جانا جاتا تھا کہ بے نظیر آئیں گی نوکریاں لائیں گی۔ ہماری واحد پارٹی ہے جو سفید پوش اور غریب طبقے کی نمائندگی کرتی ہے مافیا کی نہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم الیکشن اس لیے لڑ رہے ہیں کہ ملک میں بے نظیر مزدور کارڈ متعارف کرائیں، بے روزگار نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں، لیکن کچھ لوگ اپنے ذاتی مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔