اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی شہر گوا میں ہیں جہاں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے مصافحہ کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے وزراء کا آمنا سامنا ہواجس کے بعد انہوں نے مصافحہ کیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خصوصی طیارے کے ذریعے بھارتی شہر گوا پہنچے، گوا میں شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن کے اجلاس میں شرکت سے قبل سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کی۔
شیڈول کے مطابق گوا پہنچنے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور ان کے روسی ہم منصب کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاک روس تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں غذائی تحفظ، توانائی اور عوام کے درمیان تعلقات میں تعاون کو گہرا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے روس کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کے نئے مواقع کھولنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اپنے بھارتی ہم منصب کے اعزاز میں رات 9 بجے عشائیہ دیں گے۔
بعد ازاں وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔ جس میں سیکرٹری جنرل کی جانب سے دو طرفہ تعلقات اور ایس ای او ممبر کی حیثیت سے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر نے اعشائیہ پر آمنے سامنے ملاقات کی جس میں دونوں وزراء نے مصافحہ کیا۔ پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان تاحال کوئی دو طرفہ ملاقات طے نہیں ہوئی۔ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔