اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ٹورنٹو میں صدی میں ایک بار آنے والے شدید برفانی طوفان کے بعد معمولاتِ زندگی کی بحالی جاری ہے، تاہم شدید سرد موسم کے باعث انوائرمنٹ کینیڈا نے شہر کے لیے پیلی کولڈ وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رات گئے اور منگل کی صبح تک تیز ہواؤں کے باعث ہوا کے ساتھ محسوس ہونے والا درجہ حرارت منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ ان حالات میں برف کے اُڑنے اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
ماہرِ موسمیات جیسی اُپّل کا کہنا ہے کہ منگل کی دوپہر کو ٹورنٹو میں وقفے وقفے سے لیک ایفیکٹ برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ سردی کی یہ لہر پورا ہفتہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق جنوری کے اختتام تک آرکٹک ہواؤں کی کئی لہریں شہر کو اپنی لپیٹ میں رکھیں گی اور موسم میں فوری بہتری کی کوئی امید نہیں۔
عام طور پر اس وقت ٹورنٹو میں دن کا اوسط درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، تاہم آئندہ دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 8 سے منفی 10 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو تیز ہواؤں کے باعث مزید سرد محسوس ہوگا۔
شدید سردی کے پیشِ نظر شہر بھر میں وارمنگ سینٹرز 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن کھلے ہیں۔ شہریوں کو ان مراکز تک رسائی کے لیے کسی پیشگی رجسٹریشن یا کال کی ضرورت نہیں، جبکہ کسی مرکز میں گنجائش مکمل ہونے کی صورت میں سٹی انتظامیہ متبادل مرکز تک پہنچانے میں مدد فراہم کرے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال کچھ یوں رہے گی بدھ کو درجہ حرارت منفی 9 سے منفی 14 ڈگری کے درمیان رہے گا، جمعرات کو سردی مزید بڑھتے ہوئے منفی 11 سے منفی 20 ڈگری تک جا سکتی ہے، جبکہ جمعہ کو منفی 10 سے منفی 15 ڈگری کے درمیان موسم رہنے کا امکان ہے۔