اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دیے گئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما آخری رسومات کی تیاری کے دوران زندہ ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت بی جے پی کے سابق مقامی صدر مہیش بگھیل آگرہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم ان کی حالت بگڑنے پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
مہیش بگھیل کے بھائی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے بی جے پی رہنما کو مردہ قرار دے کر گھر منتقل کرنے کو کہا تھا، ڈاکٹروں کی ہدایت ملنے کے بعد ہم بھائی کو گھر لے آئے اور ان کی آخری رسومات کی تیاری شروع کردی۔ بی جے پی لیڈر کی موت کی خبر سنتے ہی پارٹی لیڈران کے قریبی دوست اور اہل خانہ ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کے بھائی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی آخری رسومات شروع ہونے والی تھیں، مہیش بگھیل نے حرکت کی، اور جب وہ قریب پہنچے تو ان کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔یہ دیکھ کر سبھی حیران رہ گئے لیکن مہیش بگھیل کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق انہیں سینے میں انفیکشن ہے اور ان کوانتہائی نگہداشت کے وارڈ میں علاج کیا جا رہا ہے۔ دوست احباب اور اہل خانہ ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔