اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کی حالیہ دھمکیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے
کہا ہے کہ ایرانی قوم اور افواج اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائیں گی اور کسی بھی حملہ آور کو سخت انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ایران نے کبھی بھی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی آئندہ ایسا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے “پاؤں کاٹ دیے جائیں گے”، جو اس بات کی علامت ہے کہ ایران اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔دوسری جانب پاسداران انقلاب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز ہرگز نہیں کھولی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ صرف ایران کے مفادات کے مطابق استعمال ہوگی۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر خطے میں میری ٹائم نظام تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ دراصل ٹرمپ کے “رجیم چینج” کے خواب کی تکمیل ہوگی، جسے ایران کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ضرور کھلے گی، لیکن “آپ کے لیے نہیں”۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں جنگ بندی کو آبنائے ہرمز کی بحالی سے مشروط کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر یہ گزرگاہ نہ کھولی گئی تو ایران کو “مکمل تباہ” کر دیا جائے گا۔تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن اور تیل کی ترسیل کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز کی بندش کی صورت میں عالمی منڈیوں پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔