اردو ورلڈ کینیڈ ا (ویب نیوز ) برطانوی عام انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پولز میں لیبر پارٹی کی جیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔لیبر پارٹی کے رہنما سر کیر اسٹارمر نے عام انتخابات میں ممکنہ کامیابی پر اپنے ووٹرز اور حامیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لیبر پارٹی کے رہنما سر کیر اسٹارمر نے کہا کہ وہ ان لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پارٹی کو مہم چلائی اور ووٹ دیا۔لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے کہا کہ سر کیر سٹارمر نے پارٹی کا رخ موڑنے کے لیے بہت اچھا کام کیا ہے۔واضح رہے کہ برطانیہ میں قبل از وقت عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے اور ایگزٹ پول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں لیبر پارٹی کو برتری حاصل ہے۔
پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کے لیے اپوزیشن لیبر پارٹی، حکمران کنزرویٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، سکاٹش نیشنل پارٹی، ریفارمز اور دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 4500 سے زائد امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ایگزٹ پولز کے مطابق لیبر پارٹی کو 410 اور کنزرویٹو پارٹی کو 131 سیٹیں ملنے کی توقع ہے جبکہ لب ڈیمز کو 61، ریفارمز کو 13، ایس این پی کو 10، گرین پارٹی کو 2 اور دیگر کو 23 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔کل 650 نشستوں میں سے 533 انگلینڈ، 59 سکاٹ لینڈ، 40 ویلز اور 18 شمالی آئرلینڈ سے ہیں۔برطانوی عام انتخابات میں 650 پارلیمانی نشستوں کے لیے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہی جس میں تقریباً 5 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے جب کہ ملک بھر میں 40 ہزار سے زائد افراد ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔ اضافی پولنگ سٹیشن قائم کر دیے گئے۔