اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) طوفان ’فلورس‘ نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں تباہی مچا دی،نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا ۔
تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث متعدد پروازیں، ٹرینیں اور کشتیاں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ تفریحی تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں۔سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، شمالی انگلینڈ اور یارکشائر کے لیے ہوا کی وارننگ جاری ہے۔ یارکشائر کی کئی تفریحی سہولیات بند کر دی گئی ہیں، جبکہ گرے ہوئے درختوں اور سڑکوں پر رکاوٹوں کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔
برطانیہ کے مختلف حصوں میں امبر اور پیلے رنگ کی وارننگ جاری کر دی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ ہے جبکہ شمالی انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں صبح 6 بجے سے پیلی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔نیو کیسل کے شمال میں ریل خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے، پریسٹن کے شمال میں ریل مسافروں کو سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گلاسگو سے سکاٹش جزائر کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ایڈنبرا میں پرنسز سٹریٹ گارڈنز کو بند کر دیا گیا جبکہ نارتھ بروک میں "فرینج بائی دی سی” فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا۔ ڈرائیوروں کو سخت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔