اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز )دوران سفر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر برطانوی وزیر اعظم کو معافی مانگنے کے باجود جرمانہ کر دیا گیا ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لنکا شائر پولیس کا کہنا ہے کہ لندن سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ شخص کو سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر مشروط مقررہ جرمانے کی پیشکش کی گئی ہے
۔پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر مسافر کو 100 برطانوی پاؤنڈ جرمانہ کیا گیا ہے تاہم کیس عدالت میں جانے پر جرمانہ 500 پاؤنڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم رشی سونک کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں گاڑی میں بیٹھ کر بات کرتے ہوئے سیٹ بیلٹ باندھے بغیر سفر کرتے دیکھا گیا تھا۔
بعد ازاں غلطی کا احساس ہونے پر برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ رشی سونک نے سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے کے لیے کچھ دیر کے لیے سیٹ بیلٹ اتار دی تھی تاہم اب انھیں اپنی غلطی کا احساس ہوا اور معافی مانگ لی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم کا ماننا ہے کہ ہر شہری کو سفر کے دوران سیٹ بیلٹ باندھنی چاہیے