اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجٹ پاکستانی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خود کہا کہ بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا، آئندہ چند روز میں بجلی کا یونٹ 100 روپے سے اوپر جائے گا، ڈالر کی مصنوعی قیمت 275 روپے ہے، یہ اگلے چند دنوں میں 300 سے اوپر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بے بنیاد سیاسی اور جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، یہ سب عمران خان، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کو جیلوں میں رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے، یہ تمام مقدمات ختم ہونے جا رہے ہیں۔ یہ تمام لوگ دوبارہ انہی عدالتوں میں گھومتے نظر آئیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے پی ایم اور نادان حکومت نے اپنے بلیڈ سے شہ رگ کاٹ دی، خود ہی پھانسی کے پھندے پر چڑھ کر گلے میں پھندا ڈال دیا، 1984 میں ایک کتاب اینیمل فارم لکھی گئی تھی ابھی وہی کچھ ہو رہا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ میں نے دنیا میں بہت سے جاہل دیکھے ہیں، موجودہ حکومت جیسی جاہل حکومت کبھی نہیں دیکھی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ تمام کیسز سیاسی اور جھوٹے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک معاشی طور پر ٹھیک ہو گیا ہے، بجلی 70 روپے فی یونٹ تک جا پہنچی ہے، استحکام کا واحد راستہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان ہیں
بابر اعوان نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز پر ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے
31