اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی مکمل حمایت کرتا ہے
اسے بین الاقوامی سطح پر ایران کا حق تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو پرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے اور پاکستان اس مؤقف کے ساتھ ہر فورم پر کھڑا ہے۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیشکشیان کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسعود پیشکشیان بطور ایرانی صدر پہلی بار پاکستان کے دورے پر ہیں، ان کی آمد پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے ایک نئے دور کی شروعات ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات میں برادرانہ تعلقات، مذہبی ہم آہنگی، جغرافیائی اشتراک، تجارت، دفاع اور دیگر اہم امور پر تفصیلی اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ جون میں اسرائیل نے ایران پر بلاجواز حملہ کیا، جس کی پاکستان اور اس کے عوام نے شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اچھے وقت میں سب دوست ہوتے ہیں، اصل دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں ساتھ دے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایران اور پاکستان کے مابین تجارت کا ہدف 10 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے ہیں جو جلد معاہدوں کی شکل اختیار کریں گے۔
قبل ازیں ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کا تعارف وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام سے کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنی کابینہ کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیشکشیان نے یادگاری درخت لگایا اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعدازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔