اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے اہم میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف اپنی پوزیشن مستحکم کی بلکہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی برقرار رکھیں۔میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ انگلینڈ کی فتح کے بعد اب گروپ سے دوسری ٹیم کے طور پر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رہ گئی ہے۔ فیصلہ کن مرحلہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ پر منحصر ہے۔ اگر پاکستان کامیابی حاصل کرتا ہے تو دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہو سکتے ہیں، تاہم فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
تازہ صورتحال کے مطابق پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی یقینی بنانے کے لیے سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔ اندازوں کے مطابق اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرے تو اسے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے ہرانا ہوگا۔ دوسری صورت میں اگر سری لنکا پہلے بیٹنگ کرے اور 20 اوورز کھیل لے تو پاکستان کو ہدف تقریباً 13 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا تاکہ نیٹ رن ریٹ میں واضح بہتری آ سکے۔ واضح رہے کہ سری لنکا پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے، تاہم وہ اپنے آخری میچ میں پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ ایسے میں قومی ٹیم کے لیے نہ صرف جیت بلکہ بڑی جیت ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ سیمی فائنل تک رسائی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکے۔