اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کیلگری کے جنوب مغربی علاقے کی ایک کمیونٹی نے اپنے محلے میں متنازعہ تعمیراتی منصوبے پر عوامی سماعت مؤخر کرانے کی جدوجہد جیت لی ہے۔
یہ اپ ڈیٹ منگل کے روز کیلگری سٹی ہال سے سامنے آئی، جب اس سے ایک دن قبل اسپرنگ بینک ہل کے رہائشی عدالت میں معاملہ لے جانے میں ناکام رہے تھے، اور میٹنگ شیڈول کے مطابق ہونا لازمی ہوگئی تھی۔
شہر کی کونسل نے کونسلر سونیا شارپ کی پیش کردہ قرارداد کے بعد "آگسٹا ولاز” منصوبے کی عوامی سماعت کو آئندہ سال تک مؤخر کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
سونیا شارپ کا کہنا تھااب جنوری کے لیے کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں ہے کیونکہ نئی کونسل کو ایجنڈے کے لیے وہ تاریخ طے کرنا ہوگی۔ ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ درخواست دہندہ، کمیونٹی اور انتظامیہ کے پاس اتنا وقت ہو کہ سب ایک صفحے پر آئیں، تاکہ عوامی سماعت ایسے مرحلے پر ہو جب کمیونٹی بھی مطمئن ہو اور درخواست دہندہ بھی۔”
آگسٹا ولاز کے ڈویلپر 30 ایلووڈن ڈرائیو SW پر 42 لگژری ٹاؤن ہاؤسز تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔کمیونٹی کے رہائشیوں نے سٹی نیوز کو بتایا کہ کافی عرصے سے انہیں مناسب نمائندگی نہیں ملی کیونکہ وارڈ 6 پچھلے سال سے کونسلر کے بغیر ہے۔
سابق کونسلر رچرڈ پوٹمنز نے 2024 کے آخر میں استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس دوران سونیا شارپ، کورٹنی والکاٹ اور کورٹنی پینر کو اس علاقے کی نگرانی اور رہائشیوں کے مسائل سننے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
مقامی رہائشی سارہ آسٹن نے کہایہ ہماری کمیونٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم کئی مہینوں سے سٹی کونسل سے درخواست کر رہے تھے کہ اس معاملے کو مؤخر کیا جائے۔
رہائشیوں کا مؤقف ہے کہ اس منصوبے سے علاقے میں ٹریفک جام ہوگا، پارکنگ کے مسائل پیدا ہوں گے اور مشرق کی جانب موجود گھروں کا منظر بھی ڈھک جائے گا۔
سارہ آسٹن کے بقول یہ ایک ایسی کمیونٹی ہے جو صرف ایک دیہی سڑک پر قائم ہے؛ یہاں اتنی بڑی کثیر المنزلہ تعمیرات کے لیے بنیادی ڈھانچہ موجود ہی نہیں۔”
رہائشی چاہتے تھے کہ اس معاملے کو نومبر تک ملتوی کیا جائے، جب بلدیاتی انتخابات کے بعد وارڈ 6 کو نیا کونسلر مل جائے گا۔