اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
قرارد داد میں پاک امریکا تعلقات اور کیلیفورنیا کی معیشت، ثقافت اور سماج کی ترقی میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یہ قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے پیش کی، جو ایوان میں پاکستانی لباس اور مہندی لگا کر شریک ہوئیں۔ وہ کیلیفورنیا سینیٹ کی سب سے کم عمر خاتون رکن اور سینیٹ کی زراعت کمیٹی کی چیئرپرسن بھی ہیں۔
قرارداد کے نکات
قرارداد میں امریکا اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور ان کے کثیر الجہتی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا کیلیفورنیا کی معیشت اور سماجی و ثقافتی ترقی میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے اہم کردار کو سراہا گیا۔ نوجوان نسل کی اپنی روایات اور ثقافت سے وابستگی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔* ان شخصیات اور اداروں کا ذکر کیا گیا جنہوں نے پاکستانی امریکی ثقافت اور کامیابیوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سینیٹر ہرٹاڈو کے ریمارکس
سینیٹر ہرٹاڈو نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی داستان قربانی، استقامت اور وقار کی آئینہ دار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک امریکا تعلقات مشترکہ اقدار، جمہوری اصولوں اور انسانی وقار پر قائم ہیں۔
پاکستانی سفیر کی شمولیت
پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی سینیٹ اجلاس میں موجود تھے۔ سینیٹر ہرٹاڈو نے انہیں خوش آمدید کہا اور دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔سفیر پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ کیلیفورنیا سینیٹ کی جانب سے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قرارداد کی متفقہ منظوری دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی ہے۔ انہوں نے سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو اور کونسل آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک امریکا عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
کیلیفورنیا کی اہمیت
واضح رہے کہ کیلیفورنیا کو "گولڈن اسٹیٹ” کہا جاتا ہے، جو دنیا کی چوتھی بڑی معیشت کے طور پر عالمی اقتصادی مرکز اور ثقافتی تنوع کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔