اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)یوکرین پر روس کے حملے کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ ایسے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ یوکرین کی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے 32 ملین ڈالر سے زائد کی مالی امداد فراہم کرے گی۔
ایک بیان میں وزیر خارجہ میلینی جولی نے کہا کہ اس تنازعے کے دوران کینیڈا اور عالمی برادری پورے ایک سال سے یوکرین کی مدد کر رہی ہے جو روسی صدر پیوٹن کا غصہ برداشت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا نے ہمیشہ یوکرین کی آزادی کی لڑائی میں حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا۔ ہم اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک روس کو اس کی زیادتیوں اور جرائم کے لیے جوابدہ نہیں ٹھہرایا جاتا۔
گلوبل افیئرز کے مطابق گزشتہ سال فروری سے کینیڈا نے یوکرین کے لیے 5 بلین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے 2.6 بلین ڈالر مالی امداد کے لیے اور 1.2 بلین ڈالر فوجی امداد کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ باقی فنڈز انسانی امداد ($320 ملین)، ترقیاتی تعاون ($96 ملین)، اور سلامتی اور استحکام ($73·8 ملین) میں گئے۔