اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 26 لاکھ ڈالر کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان کینیڈا کے وزیرِ مملکت رندیپ سرائے کی جانب سے کیا گیا، جنہوں نے کہا کہ کینیڈا مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
رندیپ سرائے نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے، زرعی زمینیں تباہ ہوئیں اور معیشت کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ تباہ ہونے کے باعث مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی، رہائش اور صحت کی سہولتوں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
کینیڈین وزیرِ مملکت نے وضاحت کی کہ یہ امدادی رقم بین الاقوامی اور مقامی انسان دوست تنظیموں کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مدد براہِ راست ان خاندانوں تک پہنچے جنہیں اس کی فوری ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم متاثرہ لوگوں کی بنیادی ضروریات جیسے خوراک، صاف پانی، طبی امداد، خیمے اور دیگر اشیائے ضروریہ پوری کرنے میں استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتا ہے اور مشکل حالات میں عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ رندیپ سرائے نے مزید کہا کہ "ہم جانتے ہیں کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے خاندانوں کے لیے ابتدائی دن سب سے زیادہ کٹھن ہوتے ہیں، اسی لیے ہماری کوشش ہے کہ بروقت مدد فراہم کی جائے تاکہ ان کی تکالیف کم ہو سکیں۔
اس سے قبل یورپی یونین نے بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے تقریباً 35 کروڑ روپے کی ہنگامی امداد دینے کا اعلان کیا تھا، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے 30 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ کینیڈا کی جانب سے یہ امداد اس عالمی تعاون کی ایک کڑی ہے جو پاکستان میں قدرتی آفات کے بعد انسانی جانوں کو بچانے اور متاثرہ خاندانوں کو سہارا دینے کے لیے جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق بین الاقوامی برادری کی بروقت مدد پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔