اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی سی بی نے کینیڈا میں منعقد ہونے والے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کو گلوبل ٹی 20 کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی غیر معمولی مصروفیت کی وجہ سے تینوں کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان تینوں کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ کے مطابق اگست 2024 سے مارچ 2025 تک کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9 ٹیسٹ کھیلنے ہوں گے، اس کے علاوہ اگلے سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلنا ہوگی، جو پاکستان میں منعقد ہونے والی ہے. اسی طرح پاکستان اس عرصے میں 9 ٹیسٹ، 14 ایک روزہ بین الاقوامی اور 9 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گا، اس لیے تینوں کرکٹرز تینوں فارمیٹس کے کرکٹر ہیں اور پاکستان کو اگلے 8 ماہ میں ان کی خدمات درکار ہوں گی۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے پیش نظر یہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ یہ کھلاڑی کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ سیزن کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں. اس کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔اس سے قبل پی سی بی نے اسی بنیاد پر نسیم شاہ کو دی ہنڈریڈ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا تھا،پی سی بی کے مطابق آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کے لیے این او سی کی منظوری دی گئی ہے، چاروں کھلاڑی بنیادی طور پر وائٹ بال کرکٹر ہیں لیکن افتخار احمد اور محمد نواز سینٹرل کنٹریکٹ کرکٹر ہیں۔