اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا نے خلیجی ملک قطر کے شہریوں کے لیے سفری ضابطوں میں بڑی نرمی کرتے ہوئے روایتی ویزا کی شرط ختم کر دی ہے۔
اس اہم فیصلے کے تحت اب قطری شہری **الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) کے ذریعے آسانی کے ساتھ کینیڈا میں داخل ہو سکیں گے۔کینیڈا کی امیگریشن وزیر لینا دیب کے مطابق یہ فیصلہ 25 نومبر 2025 سے نافذ ہو چکا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔
نئے طرز کے اس اجازت نامے (ETA) کی فیس صرف 7 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے۔ فارم میں شہری کی شناخت، سفر کی وجہ اور بنیادی معلومات شامل کی جاتی ہیں، اور زیادہ تر درخواستیں چند منٹوں میں منظور ہو جاتی ہیں۔کینیڈین حکام کے مطابق یہ تبدیلی قطر کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی اور سفارتی روابط کا حصہ ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خلیجی ممالک عالمی سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔