اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو G-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے وزیر اعظم مودی کو فون کر کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ نریندر مودی نے ایکس پر پوسٹ کرکے یہ جانکاری دی ہے۔مودی نے دعوت کے لیے کارنی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کینیڈا کے انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سربراہی اجلاس میں کارنی سے ملاقات کے منتظر ہیں۔یہ چوٹی کانفرنس 15 سے 17 جون تک کناناسکس، البرٹا، کینیڈا میں ہوگی۔ ہندوستان کو یہ دعوت نامہ چوٹی کانفرنس کے شروع ہونے سے صرف 8 دن پہلے موصول ہوا ہے۔کئی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کینیڈا اس سمٹ کے لیے ہندوستان کو مدعو نہیں کر رہا ہے۔ اس کی وجہ دونوں ممالک کے تعلقات کی خرابی کو سمجھا جاتا تھا۔ ہندوستان 2019 سے اس چوٹی کانفرنس میں بطور مہمان شرکت کر رہا ہے۔