ؒاردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی حکومت نے کاروباری برادری کے لیے طویل مدتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔نگران وفاقی وزراء نے پریس کانفر نس میں کہا کہ پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھایا جائے گا، یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، یورپی یونین کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے، عالمی سرمایہ کاروں کے مسائل کو حل کرنا ہے۔
نگراں وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ان ممالک کے ساتھ ہماری تجارت میں اضافہ ہوا ہے، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام کے بعد مختلف ممالک کی جانب سے اچھا رسپانس آرہا ہے جو کاروبار کرنے میں آسانی کی جانب ایک اور قدم ہے۔ نئی ویزا پالیسی کا اعلان بھی کر دیا گیا، کاروباری برادری کے لیے طویل مدتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے اقدامات کی وجہ سے کئی ممالک نے مثبت رجحان کا اظہار کیا۔ نگراں وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو طویل مدتی ویزے فراہم کیے جائیں گے، ٹیکس نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔
نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ویزا پالیسی کو بزنس فرینڈلی بنایا ہے جس سے سرمایہ کاروں کو ویزوں کی فراہمی آسان ہو گئی ہے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو آسان شرائط پر ویزوں کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سٹار لنک کا آغاز کیا جا رہا ہے، نئے سسٹم سے پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی انٹرنیٹ کی آسانی ہو گی