ملاقات میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کرنے اور وسیع تر قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں نے قومی سطح پر ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے امکانات، اہمیت اور ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما شفقت محمود نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے یکساں ماحول اور یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، تحریک انصاف کو بلاشبہ برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو آئین اور قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جب کہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے اور جلوس نکالنے کی آزادی ہے۔ شفقت
انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ہدف کے حصول میں شفاف ٹرائل اور انصاف تک مکمل رسائی بھی بنیادی اہمیت کی حامل ہے، ملکی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا گہرا انحصار آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بقا اور تسلسل پر ہے۔ تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر قومی مفاہمت ممکن نہیں۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین کے سائے میں انتخابات کرانے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی سے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور بیرسٹر عمیر نیازی نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔