ذرائع کے مطابق پاکستان ایندھن درآمد کرتا ہے تاہم ذخیرہ اندوزی کی گنجائش بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، پی ایس او کی جانب سے سٹریٹجک پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر رکھے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں پٹرولیم کمپنیوں کو21 دن تک ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے، حکومت چاہتی ہے کہ پیٹرولیم کے اسٹریٹجک ذخائر کم از کم 3 ماہ کے لیے ہوں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی ضروریات کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہی حتمی ذخائر اور مدت کا تعین کیا جاسکتا ہے جس کے لیے حکومت نے فریم ورک تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) فوری طور پر بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر کے حوالے سے نیا فریم ورک تیار کرے گی۔ نئے فریم ورک میں ملکی خام تیل، ریفائنڈ پیٹرولیم کی ضروریات اور اسٹوریج کا تعین کیا جائے گا۔ نیا فریم ورک مختلف مصنوعات کے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی مدت کا بھی تعین کرے گا۔