اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیراعظم انور حق کاکڑ نے اپنی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت تیز کردی۔ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم نے تمام شخصیات کے پروفائل کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور انوار الحق کاکڑ نے بھی اپنی کابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم نے ساتھیوں سے گفتگو میں کہا کہ معاشی مسائل کا شکار ملک پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے عوام کو تکلیف نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جس میں جلیل عباس جیلانی، شعیب سعدل، حفیظ شیخ، احسن بھون، سرفراز بگٹی اور ذوالفقار چیمہ کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر تعلیم محمد علی درانی کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ نگراں حکومت کی کابینہ کے لیے فیصل واوڈا، میجر ریٹائرڈ خرم حمید روکھڑی، شاہد آفریدی، قاری صداقت علی، احد چیمہ، مشتاق سکھیرا، ابصار عالم، سلیم صافی اور حامد میر کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ میں ذوالفقار چیمہ، شمشاد اختر، رضا باقر، اشتر اوصاف، جگنو محسن، عائشہ رضا فاروق اور بریگیڈیئر مظفر رانجھا کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔