ترکی کے نشریاتی ادارے ’ٹی آر ٹی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے نگرا ن وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم جلد انتخابی عمل میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ کسی مخصوص جماعت کی مخالفت یا حمایت نہیں کی جائے گی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، ہر سیاسی جماعت کے پرامن احتجاج کا تحفظ کریں گے، تاہم پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ انتخابی حلقہ بندیاں آئینی تقاضا ہے، ہمیں قانون اور آئین کے مطابق کام کرنا ہے، انتخابی حلقہ بندیوں پر اعتراض پچھلی پارلیمنٹ میں ہو سکتا تھا جب قانون سازی ہوئی تھی، الیکشن کمیشن بھی کوئی غیر قانونی کام نہیں کر سکتا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آئینی طریقے سے اقتدار سے ہٹایا گیا، آئین میں حکومت بنانے اور ہٹانے کا طریقہ موجود ہے، سابق وزیراعظم خود امریکی سازشی بیانیے سے پیچھے ہٹ گئے، بعض اوقات سیاست دان عوامی حمایت کے لیے ایسی داستان بناتےہیں۔
80