اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو قانونی طور پر سزا ہوئی ہے، انہیں اس کا سامنا کرنا چاہیے، وہ 37 بار عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
وزیر قانون نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سادہ کیس تھا
چیئرمین پی ٹی آئی کے ظاہر کردہ اثاثوں پر کارروائی ہوئی
انہوں نے کہا کہ آپ کو قانونی طریقہ کار کے تحت سزا دی گئی ہے، آپ کو اپیل کا حق حاصل ہے، میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو 2017 کی مردم شماری پر اعتراضات تھے، جس کی وجہ سے اس بار ڈیجیٹل مردم شماری کرائی گئی، کچھ حلقوں میں تبدیلیاں ہوسکتی ہیں، الیکشن کمیشن اس معاملے پر باضابطہ بیان دے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آئینی تقاضے کے مطابق جلد از جلد انتخابات ہونے چاہئیں، اتحادی جماعتوں کی بھی رائے ہے کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن وضاحت کے لیے بیان جاری کرے۔