اردورلڈ کینیڈا(ویب نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ کی لفٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ اور کئی وکلا پھنس گئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ واپسی پر آدھے گھنٹے تک لفٹ میں پھنسے رہے، نعیم حیدر پنجوٹھہ، علی اعجاز باتر اور دیگر وکلا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
لطیف کھوسہ اور دیگر تقریباً 45 منٹ تک لفٹ میں پھنسے رہے جبکہ عملے نے لفٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن دروازہ نہ کھل سکا جس کے باعث لفٹ کے باہر کھڑے وکلاء نے لفٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔
لطیف کھوسہ اور دیگر وکلا اسلام آباد ہائی کورٹ کی دوسری منزل پر لفٹ میں پھنس گئے اور لفٹ گراؤنڈ فلور تک نہ پہنچی جس کے بعد لفٹ کے باہر موجود وکلا نے شور شرابا شروع کر دیا۔
تاہم سی ڈی اے ریسکیو اہلکاروں کی کوششوں کے بعد لفٹ میں پھنسے وکلا کو باہر نکال لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی سی اسلام آباد بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے اور ریسکیو اہلکاروں نے لفٹ آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔