اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمنٹ ہاؤس کا نام تبدیل کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کا نام تبدیل کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کو ایسا نام دیا جائے جس کا ہمارے ثقافتی ورثے سے گہرا تعلق ہو، پارلیمنٹ ہاؤس کو ایسا نام دیا جائے جو ہماری قومی اقدار کو برقرار رکھے اور قوم کے اتحاد کی علامت ہو۔
پارلیمانی کمیٹی کا کام بحث کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس کے لیے موزوں نام تجویز کرنا ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں پارلیمنٹ کی عمارتوں کے مقامی نام موجود ہیں، اس حوالے سے سینیٹ نے تاج حیدر، ارفاق صدیقی، شبلی فراز اور منظور احمد کے نام تجویز کیے تھے۔ آپ اسمبلی سے چار ارکان کے نام بھی تجویز کریں۔