اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اس بار پاکستان کر رہا ہے لیکن بھارت نے اپنی روایتی ضد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا جبکہ پی سی بی نے ہائبرڈ کے کسی ماڈل کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر کسی ٹھوس وجہ کے پاکستان ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام پر نہیں لے جائے گا اور اگر آئی سی سی غیر جانبدار مقام پر جانے کو کہے گی تو پاکستان کبھی بھارت نہیں جائے گا۔ ہفتے کے روز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا دوسرا بورڈ اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط طور پر اتفاق کیا ہے۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان کے لیے بھی یہی فارمولا ہونا چاہیے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر تعطل کو ختم کرنے کے لیے ایک نیا فارمولہ زیر غور ہے اور تعطل کے خاتمے کے لیے بات چیت بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستان کو پیسے کی پرواہ نہیں بلکہ اس کی عزت و وقار کی ضرورت ہے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مساوات کی بنیاد پر نئے فارمولے کا فیصلہ کرنا ہوگا، اس معاملے میں حل ممکن ہے۔