اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کراچی میں اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کے باعث وینیو کی تبدیلی کی خبریں سامنے آئیں جس کے بعد پاکستان انگلینڈ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق پی سی بی کا ابوظہبی میں ایک ٹیسٹ کرانے کی رپورٹ بھی سامنے آگئی جب کہ دو ٹیسٹ راولپنڈی اور ایک ملتان میں کرانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی خبروں کے بعد انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے موجودہ صورتحال پر وضاحت طلب کر لی ہے۔
برینڈن میک کولم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل میڈیا ٹاک میں پاکستان انگلینڈ سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں واقعی کچھ نہیں معلوم کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں معلوم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیل رہے ہیں۔انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں جاننا بہت اچھا ہوگا، جب پتہ چلے گا تو ملیں گے۔دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شیڈول ہے تاہم سیریز کا شیڈول اگلے ہفتے کے اوائل میں متوقع ہے۔