اردو ورلڈ(ویب نیوز) کینیڈا کے محکمہ موسمیات انوائرنمنٹ کینیڈا نے کیلگری اور آس پاس کے علاقوں کے لیے گرج چمک کے طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق پیر کی شب تک 10 سے 20 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، جو آدھی رات کے قریب ختم ہو سکتی ہے۔
تاہم اس دوران شدید طوفانی بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا بھی خطرہ موجود ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات شدید گرج چمک والے خطرناک طوفانوں کے لیے سازگار ہیں، جو تیز رفتار ہواؤں، نقصان دہ اولوں اور موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انوائرنمنٹ کینیڈا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے: "جب گرج سنائی دے تو فوراً کسی محفوظ جگہ چلے جائیں، کیونکہ بڑے اولے شدید نقصان اور چوٹ کا باعث بن سکتے ہیں۔
"مزید برآں،جنوبی البرٹا کے پہاڑی علاقوں میں بننے والے گرج چمک والے طوفان مشرق کی جانب بڑھ سکتے ہیں، جبکہ رات گئے دھند کے چھا جانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو منگل کی صبح تک برقرار رہ سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی اطلاعات پر نظر رکھیں، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔