اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے کرپشن میں عمران خان کو این آر او دیا اور اپنے لاڈلے کی کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 60 ارب روپے کی کرپشن کا کیس ہے، لیکن عدلیہ عمران کو بچانے کے لیے آہنی دیوار بن چکی ہے۔ اگر تم ایسا سلوک کرنا چاہتے ہو تو ملک کے سارے چور ڈاکوؤں کو چھوڑ دو۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف پر روزانہ ٹرائل ہوتا تھا، کاش عدلیہ بھی نواز شریف کو کہتی کہ آپ کو دیکھ کر اچھا لگا، لیکن یہ دوہرا معیار ہے جس نے انصاف کا جنازہ نکال دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 16 دسمبر اور 1971 کے بعد 9 مئی پاکستان کے لیے سب سے المناک دن تھا۔ ایک سے زائد بار کہا گیا کہ ملک کا حال سری لنکا جیسا ہو گا اور یہ منصوبہ 2018 سے شروع ہوا تھا، پوری قوم تقسیم ہو گئی
انہوں نے کہا کہ عمران خان فاشسٹ ڈکٹیٹر ہیں جو دعا کر رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ ہو جائے، جھوٹے کاغذات لہرا کر قوم کو تقسیم کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیف جسٹس عمران خان کی کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں اور چیف جسٹس نے عمران خان کو کرپشن میں این آر او دیا ہے۔ حکومت آئین پر سختی سے عمل کرے گی
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکومتی قانونی ٹیم نے بھی شرکت کی اور عمران خان کی گرفتاری اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔