اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)مخصوص نشستوں پر ارکان اسمبلی کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور اسپیکر صوبائی اسمبلی نے اس اقدام کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا درخواست میں وفاقی حکومت، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ، گورنر، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپیکر نے ارکان سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا۔ اسمبلی اجلاس کا آغاز ہوا تو کورم کی کمی کی وجہ سے اسپیکر نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا۔ اس صورت میں گورنر ہاؤس میں حلف لینا آئین کے خلاف ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 65 ارکان اسمبلی سے حلف اسمبلی کے اندر لینے کا کہتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کے پاس آرٹیکل 255(2) کے تحت جوڈیشل اختیارات ہیں، مگر وہ انتظامی فیصلہ نہیں کر سکتے۔ اگر وزیراعلیٰ اور اسپیکر حلف سے انکار کریں تو پھر چیف جسٹس کسی کو نامزد کر سکتے ہیں۔ ہمیں سنے بغیر چیف جسٹس نے گورنر کو حلف کے لیے نامزد کر دیا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر اسمبلی کا اجلاس بلایا تھا۔