اردوورلڈکینیڈا ( ویب نیوز)مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ملک بھر میں آج 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی فائرنگ کی گئی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، دھرتی کے ہزاروں بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سب کو عہد کرنا چاہیے کہ قومی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج عوام کی حمایت سے ملک کی سالمیت اور امن کا دفاع جاری رکھے گی، مسلح افواج پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔
قبل ازیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم اور فوج کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی۔ ایک نازک اور مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ پاک فوج اور عوام ایک ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ میں اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دے رہا ہوں، ہم ملکی آزادی اور سالمیت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ .