اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے ایگزم بینک نے مزید 600 ملین ڈالر کا قرضہ دیا ہے جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹو کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج اس تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی ہوئی، محدود وسائل کے باوجود پورے پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ نوجوانوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔
.
وزیراعظم نے کہا کہ یہ کوئی غیرمعمولی بات نہیں، سفارتی آداب کا خیال رکھا ہوتا تو شاید نام نہ بتاتا، لیکن دل کہتا ہے کہ جس نے احسان کیا ہے اسے یاد رکھا جائے، میں سمجھتا ہوں کہ غیر ملکی پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن دعا ہے کہ قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت، کمائی اور قربانی سے ترقی کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح بچوں نے کھیلوں کے مختلف شعبوں میں گولڈ میڈل جیتے، میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہیے۔ لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم، ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور ان کے کھیل کے میدانوں کی تعمیر و آرائش کے لیے جو بھی وسائل فراہم کر سکتے ہیں فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لاکھوں نوجوان ہیں جو مواقع فراہم کرنے کے مستحق ہیں۔ اس بجٹ میں نوجوانوں کے لیے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ امید ہے کہ نئی حکومت اس بجٹ میں مزید اضافہ کرے گی۔