اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اپنی باقاعدہ بریفنگ کے دوران چین اور دیگر ممالک کی طرف سے فراہم کردہ قرضوں کی امداد کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ "چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔ ہم مشترکہ ترقی اور مشکلات پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ "چین نے پاکستان کی مالی صورتحال کو مستحکم کرنے میں مدد کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کی ہے۔ ہم ایسا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔”
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے بیجنگ کے حالیہ سرکاری دورے کے دوران چینی قیادت نے 4 ارب ڈالر کے خودمختار قرضے دینے، 3.3 بلین ڈالر کے کمرشل بینکوں کے قرضوں کو ری فنانس کرنے اور کرنسی میں تقریباً 1.45 بلین ڈالر کا اضافہ کرنے کا وعدہ کیا۔
پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین نے متعلقہ صورتحال کونوٹس کیا ہے ۔