اسلام آباد میں چین کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ سی پیک کا اپ گریڈ ورژن بنانے کے لیے تیار ہیں، سی پیک ہر مشکل میں پاک چین دوستی کی علامت بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کا منتظر ہے جب کہ وہ قلیل مدتی اقتصادی مشکلات پر قابو پانے میں مدد کے لیے بھی تیار ہے۔
اس موقع پر چینی سفیر نے ترقی اور سلامتی میں توازن کے لیے کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ چین نے اندھیروں سے روشنی کی طرف، پسماندگی سے ترقی کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے گلوبل انگیجمنٹ سینٹر کی چین سے متعلق رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین نے سنسر شپ آپریشن کر کے پاکستان کی معلومات کی جگہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
گلوبل انگیجمنٹ سینٹر کی رپورٹ سینٹر کے خصوصی ایلچی جیمز روبن نے جاری کی، جس نے کہا کہ چینی اقدام کا مقصد معلومات کی جگہ کی نگرانی کرنا اور اس کے مطابق تبدیلیاں کرنا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ چینی اقدامات کا مقصد امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی اور تحفظ کو نقصان پہنچانا ہے۔