139
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے نئے دور کی پیش گوئی کی ہے جس کے تحت آج شام سے 17 جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جب کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 12 جولائی کی شام سے ملک میں داخل ہوں گی جس سے بالائی اور وسطی علاقے متاثر ہوں گے۔ بدھ سے 17 جولائی تک آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
اس کے علاوہ مری، گلیات، اسلام آباد، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، تیز ہواؤں اور کمزور انفراسٹرکچر کی تباہی کا خطرہ ہے۔