اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرد ہواؤں اور کم درجہ حرارت کے باعث خاص طور پر شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اس دھند کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے، جس سے موٹر ویز اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم مجموعی طور پر سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے وقت بعض علاقوں میں ہلکا کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبے کے میدانی اضلاع میں دھند کی شدت برقرار رہنے کی وجہ سے روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔
سندھ کے بالائی اضلاع، جن میں سکھر، لاڑکانہ، دادو اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، وہاں بھی درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف شہروں میں دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر کے بعض علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑ سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں سردی کی شدت زیادہ ہوگی۔ کئی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جن میں کوئٹہ منفی 4، قلات منفی 7، زیارت منفی 9 اور ژوب منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سرد موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنائیں اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کریں تاکہ سردی کے منفی اثرات سے بچا جا سکے۔