اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے بنوں اور دیگر دہشت گردوں کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کسی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا بھی سدباب کیا جائے گا، قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ جاری رکھے گی، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، امن و امان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں پر عائد ہوتی ہے، وفاقی حکومت آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی افواج کے جذبے اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن اور ہم آہنگی کی اصل ذمہ داری صوبوں پر عائد ہوتی ہے، تاہم وفاقی حکومت ان مسائل سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کی صلاحیت اور استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے، وفاق صوبوں میں انسداد دہشت گردی فورس اور محکموں کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو بہتر بنانے میں معاونت کرے گا، انسداد دہشت گردی کی تنظیم نو پر کام کریں گے۔