اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)امریکہ نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کسی چیز کا جواب نہیں ہے اسے روکنا چاہیے۔
نیڈ پرائس نے دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب کراچی پولیس آفس حملے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے کہا، "ہم امریکی شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، متاثرہ علاقے کا سفر کرنے سے گریز کریں اور دوستوں اور خاندان والوں کو اپنی حفاظت کے بارے میں مطلع کریں۔”
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوئے تھے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔