اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) چین اور فلسطین کے صدور کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس چین کے 5 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے گریٹ ہال آف دی پیپل کی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی اور یادداشت پر دستخط کئے۔
یہ بھی پڑھیں
فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت نہ تھم سکی، 3 سالہ فلسطینی بچہ شہید
ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کو یقین دلایا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تنازع کے فوری، منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے فلسطین کے ساتھ تعاون کریں گے۔اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے بھی فلسطین کے ساتھ تمام شعبوں میں دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مزیڈ پڑھیں
اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 3 فلسطینی نوجوان شہید
چینی صدر شی نے مزید کہا کہ آج ہم مشترکہ طور پر چین فلسطین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان کریں گے جو دو طرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک پریس بریفنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے فلسطینی رہنما محمودعباس کو چینی عوام کا پرانا اور اچھا دوست قرار دیا تھا۔
اس سے قبل چینی صدر نے دسمبر میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی تھی اور مسئلہ فلسطین کے فوری، منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے کام کرنے کا وعدہ کیا تھا۔