اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اوٹاوا شہر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کوئنز وے ٹیرس ساؤتھ (Queensway Terrace South) کمیونٹی میں بیس لائن (Baseline) اور گرین بینک (Greenbank) روڈز پر اوور ہیڈ یوٹیلیٹی کام کے ساتھ دیگر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ یہ تعمیرِ نو کا عمل نومبر کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ بیس لائن روڈ پر کارنیل اسٹریٹ سے میک واٹرز روڈ تک اور گرین بینک روڈ پر لیزا ایونیو سے مونٹیری ڈرائیو تک ٹریفک متاثر ہوگی۔ اس دوران دونوں سمتوں میں لینز کم کر دی جائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیاتعمیراتی زون میں ٹریفک میں تاخیر متوقع ہے۔ رہائشیوں کو آگاہ کرنے کے لیے سائن بورڈز نصب کر دیے گئے ہیں، اور قریبی گلیوں میں عارضی ٹریفک کم کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
تعمیر مکمل ہونے پر علاقے میں طوفانی پانی کے نکاسی کے نالے (storm sewer catch basins) تبدیل کیے جائیں گے، بسوں کے لیے خصوصی لینز بنائی جائیں گی، نئے کنکریٹ فٹ پاتھ اور بلند سائیکل ٹریکس تعمیر ہوں گے، جبکہ ٹریفک لینز کی نئی ترتیب بھی متعارف کرائی جائے گی۔
تعمیراتی کام کے دوران او سی ٹرانسپو (OC Transpo) کے کئی بس اسٹاپس کو عارضی طور پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ بس روٹس 68، 82، 88، 646، 688 اور 691 میں تاخیر متوقع ہے۔
چوراہے کے فٹ پاتھ بھی بند رہیں گے، اس لیے پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کو متبادل راستوں کے لیے لگائے گئے رہنمائی بورڈز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔