اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہو گئے ہیں اور مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر ایاز صادق سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی کے وفد نے سپیکر کی بہن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز دی جسے پی ٹی آئی اور حکومت دونوں نے قبول کرلیا۔ مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرط کے ہوں گے مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق فریقین جلد مشاورت کے بعد مذاکراتی کمیٹیوں کے ارکان کے نام دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ حکومت نے ملک میں مفاہمت کی فضا پیدا کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی مذاکراتی پیشکش قبول کر لی۔
حکومت کا موقف تھا کہ ہم نے ہمیشہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی بات کی ہے۔ سیاست میں آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، افراتفری نہیں۔
پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے بانی جماعت کی جانب سے پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔