اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) الیکشن کمیشن کی توہین کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ۔
چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے وکلا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں
توہین الیکشن کمیشن کا کیس،عمران خان اور دیگر پر فرد جرم عائد کی جائے گی
اسد عمر کے معاون وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ اسد عمر کے کیسز ہیں اور ڈاکٹر نے اپائنٹمنٹ لے رکھی ہے، آپ کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، اسد عمر یہاں حاضری لگا رہے ہیں، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست جمع کرائیں۔فواد چودھری اور ان کے وکیل فیصل چودھری بھی پیش نہیں ہوئے، ان کے معاون وکیل نے بتایا کہ فواد چودھری لاہور میں ہیں جبکہ فیصل چودھری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، فیصل چودھری نے آنے کا کہا ہے۔الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، اسلام آباد پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے کل صبح 10 بجے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔