اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائی کورٹ نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر سے اپنی پارٹی کے راولپنڈی پاور شو میں اپنی 26 نومبر کی تقریر میں عدلیہ کے خلاف بدزبانی کرنے پر جواب طلب کیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے سابق وزیر منصوبہ بندی کے خلاف راولپنڈی رجسٹری کے ایڈیشنل رجسٹرار کی درخواست پر سماعت کی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سی پی او اور عمر کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جسٹس حسن نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی رہنما نے عدالتوں کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔ یہ کہتے ہوئے کہ آئین کے تحت کوئی بھی کسی ادارے یا شخصیت کو متنازع نہیں بنا سکتا، جج نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو ایسے عناصر کو سزا دینے کا اختیار ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو آئندہ سماعت پر 7 دسمبر کو طلب کر لیا۔
26 نومبر کواسد عمر نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے آخری پاور شو سے خطا ب میں عدلیہ پر تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ سکتی ہے کہ سپریم کورٹ میں بھی انصاف کے دروازے بند ہیں۔
عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج نہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوا۔