برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے خبردار کیا کہ برطانیہ میں مسلسل احتجاج جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانوی رکن پارلیمنٹ لی اینڈرسن کو چند روز قبل مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے اور معافی نہ مانگنے پر پارٹی سے معطل کر دیا گیا تھا۔
لی اینڈرسن نے کہا تھا کہ لندن کے میئر صادق خان کے ذریعے مسلمانوں نے لندن پر قبضہ کر لیا ہے، بعد ازاں صادق خان نے برطانوی وزیراعظم اور ان کی کابینہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ رشی سونک کی خاموشی ایک متنازع بیان کا دفاع کرنے کے مترادف ہے۔رشی سونک نے لی اینڈرسن کے نفرت انگیز بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم گزشتہ روز انہوں نے فلسطینیوں کے حق میں اور ارکان پارلیمنٹ کے تحفظ کے بارے میں بات کرنے والوں کے خلاف بات کی۔
انہوں نے برطانیہ میں مظاہرین اور فلسطینی حامی مظاہرین پر الزام لگایا کہ ‘برطانیہ میں انتہا پسند گروپ ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ وقت حماس کے لیے بات کرنے والوں سے لڑنے کا ہے، ملک میں تشدد نہیں ہونے دیا جائے گا اور دھمکیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔